اسلام آباد: نواز شریف کو ایک اور بلاوہ آگیا، ۱۹ ستمبر کو احتساب عدالت میں طلب


 بدھ ۱۳ ۲۰۱۷    ایک ماہ پہلے     ۵۱     اسلام آباد   پرنٹ نکالیں
فائل فوٹو

رپورٹ    ویب ڈیسک   :اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کیے ہیں جن میں شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کے صاحبزادوں حسن اورحسین نوازکو فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں 19 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر فلیگ شپ ریفرنس پر مختصر سماعت کے بعد ملزمان کو نوٹس جاری کردیئے ہیں جن میں انہیں ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے قبل آج نیب نے فلیگ شپ ریفرنس پر احتساب عدالت کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات دور کرکے ریفرنس کو اضافی دستاویزات کے ساتھ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرایا تھا۔ رجسٹرار آفس نے شریف خاندن اور اسحاق ڈار کے خلاف چاروں ریفرنس اعتراض لگاکر واپس بھیجے تھے جن میں سے نیب نے اب بھی تین ریفرنس پر اعتراض دور کرکے انہیں عدالت میں جمع کرانا ہے۔ ان تین ریفرنسز میں سے ایک ریفرنس اسحاق ڈار کے خلاف جب کہ 2 شریف خاندان کے ہیں۔ نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ ملز اور لندن فلیٹس جب کہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں پر ریفرنس مکمل کرکے جمع کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ نوازشریف ان دنوں لندن میں ہیں جہاں ان کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے علاج کے سلسلے میں مقیم ہیں۔