کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ، راہ گیر سمیت ۵ افراد جاں بحق


 پير ۰۹ آکتوبر‬‮ ۲۰۱۷    ۲ ھفتے پہلے     ۲۳     کوئٹہ‎   پرنٹ نکالیں
فائل فوٹو

رپورٹ    ویب ڈیسک   :کوئٹہ: کاسی روڈ پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ سے ۵ افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح کوئٹہ کے علاقے کاسی روڈ پر نامعلوم ملزمان نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد اور ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہ گیر بھی مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے چار میں سے تین افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا اور تینوں پیشے کے لحاظ سے سبزی فروش تھے جو مری آباد سے سبزی منڈی جارہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکےتفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایک شخص کا تعلق شانگلہ سے ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈرائیور کی شناخت جانان کے نام سے ہوئی اور دیگر تین افراد میں محمد علی ہزارہ، خادم حسین ہزارہ اور سید سرور ہزارہ شامل ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے راہ گیر کی شناخت صالح محمد بڑیچ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ۴ کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔