راولپنڈی: پاک فوج کا فاٹا میں آپریشن، ۵ غیر ملکی مغوی بازیاب


 جمعرات ۱۲ آکتوبر‬‮ ۲۰۱۷    ۲ ھفتے پہلے     ۴۹     راولپنڈی   پرنٹ نکالیں
فائل فوٹو

رپورٹ    ویب ڈیسک   :راولپنڈی: فاٹا میں آپریشن کے دوران پاک فوج نے ۵ غیر ملکی مغویوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے بازیاب کرالیا۔ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق پاک فوج نے 5 غیرملکی مغویوں کو دہشت گردوں سے بازیاب کرالیا، جن میں ایک کینیڈین، اس کی امریکی نژاد بیوی اور ۳ بچے شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پانچوں مغویوں کو ۲۰۱۲ میں افغانستان سے اغوا کیا گیا تھا اور انہیں امریکا کے ساتھ ہونے والی انٹیلی جنس شیئرنگ کے بعد کرم ایجنسی سے بازیاب کرایا گیا۔ آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا کہ مغویوں کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جارہا تھا جبکہ بازیاب کرائے جانے والے تمام مغویوں کو متعلقہ ممالک منتقل کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بازیاب کرائے گئے غیر ملکی جوڑے کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ وہی جوڑا ہے جس کی ویڈیو ۲۱ دسمبر ۲۰۱۶ کو طالبان کی جانب سے نشر کی گئی تھی۔ اس موقع پر طالبان کے ایک سینئر رہنما نے ایک ایسے کینیڈین جوڑے کی ویڈیو جاری کرنے کی تصدیق کی جن کے ہاں دوران حراست دو بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ مذکورہ ویڈیو میں پہلی مرتبہ کینیڈین شہری جوشوا بوئلے اور امریکی شہری کیٹلان کولمن کے دو بچوں کو دیکھا گیا۔ ۳۱ سالہ کیٹلان کولمن ۲۰۱۲ میں افغانستان سے واپسی پر حمل سے تھیں جب انھیں ان کے شوہر کے ہمراہ اغوا کرلیا گیا۔ طالبان کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں کولمن نے ان کے اس ڈراؤنے خواب کو ختم کرنے کی درخواست کی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔