لندن سے دبئی تک فضائی سفر صرف ۴ گھنٹوں تک محدود


 منگل ۱۴ نومبر ۲۰۱۷    ۴ دن پہلے     ۳۷     دبئی   پرنٹ نکالیں
فائل فوٹو

رپورٹ    ویب ڈیسک   :دبئی: دنیا کے معروف ترین دبئی ایئر شو میں ایسا طیارہ متعارف کرایا گیا ہے جو لندن سے دبئی کے درمیان ساڑھے ۵ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ محض ۴ گھنٹے میں طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں بین الاقوامی ایئر شو جاری ہے جس میں دنیا بھر کی طیارہ ساز کمپنیاں اپنے جدید ترین طیارے متعارف کرارہی ہیں۔ ایئر شو میں ایسا طیارہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جو دبئی سے لندن جانے والے مسافروں کو محض ۴ گھنٹے میں ان کی منزل پر پہنچا سکتا ہے۔ بوم سپر سانک نامی اس مسافر بردار طیارے کو بنانے والی کمپنی بوم کے بانی بلیک شول نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سپر سانک طیارہ عام ایئر کرافٹ طیارے سے ۲.۶ گنا زیادہ تیز رفتار ہے اور یہ ۵۵ مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ طیارے کی باقاعدہ کمرشل پروازیں ۲۰۲۰ تک شروع کردی جائیں گی اور اس طیارے کا کرایہ کسی بھی ایئر لائن کے بزنس کلاس کے ٹکٹ کے برابر ہوگا۔ واضح رہے کہ دبئی اور لندن کا درمیانی فاصلہ ۵ ہزار ۵۰۰ کلومیٹر کے لگ بھگ ہے جسے طے کرنے میں عام پروازیں کم از کم ۷ گھنٹے لگاتی ہیں، اسی طرح کراچی سے اسلام آباد کا فاصلہ ۱۴۳۲ کلومیٹر ہے جسے ہوائی جہاز دو گھنٹے میں طے کرتے ہیں تاہم اگر یہ طیارہ کراچی سے اسلام آباد پرواز کرے تو محض ایک گھنٹے میں منزل تک پہنچ جائے گا۔