جامشورو: وی سی خضدار یونیورسٹی کی جامعہ سندھ میں اپنے ہم منصب سے ملاقات


 پير ۲۰ مارچ ۲۰۱۷    ایک ماہ پہلے     ۴۲     جامشورو   پرنٹ نکالیں
وی سی خضدار یونیورسٹی کی جامعہ سندھ میں اپنے ہم منصب سے ملاقات

رپورٹ    علی مراد چانڈیو   :جامشورو: وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار برگیڈیئر رٹائرڈ محمد امین نے جامعہ سندھ جامشورو میں اپنے ہم منصب پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی لنکجز، مشترکہ سیمینار کے انعقاد، باہمی تحقیق اور اساتذہ و طلباء کے وفود ایک دوسرے کی جانب بھیجنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ انجنیرنگ میں سماجیات کو شامل کرنے میں جامعہ سندھ خضدار یونیورسٹی کی مدد کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سائنسز وسیع فیلڈ ہے، جس میں ان کے پاس بڑے سماجی سائنسدان موجود ہیں، جن کو جامعہ بلوچستان بھیج کر وہاں کے طلباء کی رہنمائی اور سماجی مسائل پر لیکچرز دلوائے جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر برفت نے کہا کہ سماجی برائیوں کے خاتمے اور صحتمند معاشرے کے قیام کے لیے سوشل سائنسدانوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیالوجی کا پہلا نام سوشل فزکس تھا، جس کو فرانس کے ایک انجنیئر نے معاشرے میں ظلم و جبر کو دیکھتے ہوئے متعارف کروایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود تمام برائیوں کا خاتمہ اسی سائنس سے ممکن ہے۔ اس موقع پر برگیڈیئر محمد امین نے کہا کہ جامعہ سندھ کے پاس سوشل سائنسز میں بڑے سائنسدان موجود ہیں، جو کہ ان کی یونیورسٹی میں آکر طلباء میں صحتمند معاشرے کے قیام کے حوالے سے آگہی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ سے ملکر کام کیا جائے گا اور مختلف شعبوں میں یہاں سے رہنمائی و تربیت حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب خضدار یونیورسٹی میں جامعہ سندھ کے تعاون سے ایک مشترکہ سیمینار منعقد کرکے بلوچستان کے سماجی مسائل کو منظرعام پر لایا جائے گا۔