راولپنڈی: ٹریفک وارڈن کو گولی مارنے والا ملزم گرفتار


 پير ۱۹ جون ۲۰۱۷    ایک ھفتہ پہلے     ۲۵     اسلام آباد   پرنٹ نکالیں
(فائل فوٹو)

رپورٹ    ویب ڈیسک   :راولپنڈی: ٹریفک وارڈن کو مبینہ طور پر گولی مارنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 19ویں رمضان المبارک کو صبح سحری کے بعد نامعلوم ون وہیلرز نے ٹریفک وارڈن سہیل شہزاد کو سکستھ روڈ کے قریب فائرنگ کرکے زخمی کر دیا تھا جو اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔بینظیر بھٹو ہسپتال کے ڈاکٹروں کی جانب سے سہیل شہزاد کی حالت تشویش ناک قرار دی گئی، جو آپریشن کے بعد سے اب تک ہوش میں نہیں آسکا۔سٹی ٹریفک آفیسر(سی ٹی او)یوسف شاہد کے مطابق ملزم کو نیو ٹاؤن پولیس نے پیپلز کالونی سے گرفتار کیا، جس نے دعوی کیا کہ اس نے اپنے دوستوں کو پولیس سے چھڑوانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تھی۔سی ٹی او نے ملزم کی شناخت جنید عرف جونی کے نام سے کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کو بتایا کہ جس وقت اس نے سکستھ روڈ پر فائرنگ کی، وہ 70 سی سی موٹر سائیکل پر سوار اور کالی شلوار قمیض پہنے ہوئے تھا۔سی ٹی او نے مزید بتایا کہ ملزم موبائل چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث رہ چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ون وہیلنگ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈان کا آغاز کر رکھا ہے، جو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ اب تک ون وہیلنگ کرنے والے 29 موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ مری روڈ پر ون وہیلرز پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔سی ٹی او نے والدین کو بھی خبردار کیا کہ وہ اپنے بیٹوں پر نظر رکھیں، خاص طور پر ان پر جنہوں نے اپنی موٹرسائیکلوں میں تبدیلیاں کرا رکھی ہیں۔