فیصل آباد:ضلعی کونسل کا پونے 2 ارب سے زائد کا سالانہ بجٹ منظور


 جمعرات ۱۳ جولائی ۲۰۱۷    ۲ ھفتے پہلے     ۴٦     فیصل آباد   پرنٹ نکالیں
(فائل فوٹو)

رپورٹ    محمد رضوان   :فیصل آباد: ضلعی کونسل کے ایک ارب 75کروڑ 14لاکھ 47ہزارروپے کے سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2017-18کی اکثریت رائے سےمنظوری دے دی گئی ۔ ضلع کونسل کا اجلاس چیئرمین چوہدری زاہد نذیر کی صدارت میں آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں ہوا۔چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر نے بجٹ پیش کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ ضلع کونسل کی کل آمدن کا تخمینہ ایک ارب 13کروڑ 14لاکھ 78ہزارروپے لگایا گیا ہے جس میں مالی سال کا ابتدائی بقایا 61کروڑ99لاکھ 69ہزارروپے شامل کیا گیا ہے ۔ ملازمین کی تنخواہوں کے لئے 43کروڑ81ہزار ،سائر اخراجات کے لئے 30کروڑ19لاکھ 25ہزار، مشینری کی خریداری کے لئے 3کروڑ ،گاڑیوں کی خرید کے لئے ایک کروڑ25لاکھ،ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن وگریجوایٹی کی ادائیگی کے لئے 11کروڑ ،تارکول کے لئے 2کروڑ،پیچ ورک میٹریل کی خریداری کے لئے 2کروڑ اورغیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 77کروڑ 70لاکھ 41ہزار،لازمی اخراجات کے لئے 4کروڑ50لاکھ 30ہزارمیں سے ضلع کونسل کے فرنیچر کے لئے 40لاکھ اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے اور نوجوانوں کو تفریحی سرگرمیاں مہیا کرنے کے لئے 2کروڑ26لاکھ ، دوران سروس وفات پا جانے والے ملازمین کے لواحقین کی مالی امدادکے لئے 40لاکھ ،سول ڈیفنس کے لئے 15لاکھ ،ترقیاتی سکیموں کے لئے 78کروڑ ،موجودہ انفراسٹرکچر کی تعمیر ومرمت کے لئے 10کروڑ ، ضلع کونسل کے دفتر کی تعمیر ومرمت ودیگر کاموں کی ادائیگی کے لئے 68لاکھ 85ہزار مختص کئے گئے ہیں۔ ہر شعبہ میں اہداف سے زائد ریکوری کی گئی ہے جس میں آمدن کرایہ دکانوں کے 2کروڑ ٹارگٹ کے مقابلے میں 2کروڑ 41لاکھ 62ہزار94روپے وصول کئے گئے ۔اسی طرح بلڈنگ فیس اور کنورژن فیس بھی ٹارگٹ سے زیادہ وصول کی اور ٹیکس منتقلی جائیداد بھی ٹارگٹ سے 5کروڑ روپے زائد وصول کی گئی۔