بدھ ۲۳ جنوری ۲۰۱۹ -

چینی قونصلیٹ حملے میں ’را‘ کا ہاتھ ، 5 ملوث دہشتگرد گرفتار: کراچی پولیس چیف

ویب ڈیسک | ۲ ھفتے پہلے

51

No-Image

کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی (اے آئی جی) ڈاکٹر امیر شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے منصوبے میں ملوث بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ حملے کے لیے ملزمان کو بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی 'را' کی حمایت حاصل تھی۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں میں عبدالطیف، حسنین، عارف عرف نادر، ہاشم عرف علی اور اسلم مغیری شامل ہیں جن کے قبضے سے 3 کلاشن کوف، 3 دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حملے کا منصوبہ بی ایل اے کمانڈر اور ماسٹر مائنڈ اسلم اچھو نے افغانستان میں بنایا جس کے لیے اسلحہ ریلوے کے ذریعے لایا گیا اور بلدیہ ٹاؤن میں رہائش پذیر ایک مکینک عارف نے سہولت کاری کرتے ہوئے اس اسلحے کو اپنے گھر میں چھپایا اور وہیں سے ملزمان 23 نومبر 2018 کی صبح چینی قونصلیٹ پہنچے۔ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ اسلم عرف اچھو نے منصوبے کے لیے قریبی رشتے داروں کا انتخاب کیا، عارف میکنک اسلم اچھو کا کزن ہے جب کہ بشیر زیب اور دیگر دہشت گرد بھی آپس میں رشتے دار ہیں۔کراچی پولیس چیف کے مطابق ہم نے مختلف مقامات سے لوگوں کو پکڑا تاہم اب تک کسی سہولت کار کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق سامنے نہیں آیا، تمام سہولت کار بلوچ لبریشن آرمی اور بھارتی حمایت یافتہ تھے۔انہوں نے کہا کہ چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے ملزمان کو بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی 'را' کی حمایت حاصل تھی۔

Web Portal Developed and Designed by MIT SOFTWARE SOLUTION Hyderabad : http://mitsoftsolution.net, Contact us : (022) 3411371