ہفتہ ۲۴ آگست ۲۰۱۹ -

پاکستان کا جنوبی افریقا کیخلاف 165 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ جاری

ویب ڈیسک | ۷ ماہ پہلے

85

No-Image

جوہانسبرگ: پاکستان کی جنوبی افریقا کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں 165 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے۔

جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41 اوورز میں 164 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 13 اوورز میں 70 رنز بنالیے۔ 

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کی تو بلے بازوں نے مایوس کن آغاز کیا لیکن کپتان فاف ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ کی زبردست شراکت نے ٹیم کو سہارا دیا۔

میزبان ٹیم کی بیٹنگ میں کپتان فاف ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ کی 101 رنز کی شراکت ہی بولنگ لائن پر حاوی رہی، اس کے سوا جنوبی افریقی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

فاف ڈوپلیسی 57 اور ہاشم آملہ 59 رنز بنانے کے ساتھ نمایاں رہے، ریسی ڈوسن 18 اور فیلوک وایو 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 156 کے مجموعی اسکور پر عثمان شنواری نے اپنے ایک ہی اوور میں تین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 4، شاہین شاہ آفریدی 2، محمد عامر، عماد وسیم اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے نسلی پرستانہ جملوں پر کارروائی کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے باعث شعیب ملک ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

سرفراز احمد کی جگہ ٹیم میں محمد رضوان کو شامل کیا گیا ہے جب کہ حسن علی کی جگہ عثمان خان شنواری گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔سیریز میں میزبان جنوبی افریقا کو 1-2 کی برتری حاصل ہے اور سیریز میں رہنے کے لیے قومی ٹیم کو آج کا میچ لازمی جیتا ہوگا، میزبان ٹیم کی کامیابی کی صورت میں سیریز جنوبی افریقا کے نام ہوجائے گی، اس لیے قومی ٹیم کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔

Web Portal Developed and Designed by MIT SOFTWARE SOLUTION Hyderabad : http://mitsoftsolution.net, Contact us : (022) 3411371