بدھ ۲۷ مئی ۲۰۲۰ -

پی سی بی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل کرے گا

ویب ڈیسک | ۲ ھفتے پہلے

43

No-Image

لاہور:(پیر:2020-05-11) چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پلیئرز کو سیکیورٹی دینے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر رہے ہیں۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق کل فہرست جمع کرائیں گے تو چیئرمین پی سی بی اس کی منظوری دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔

کوشش ہوگی سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں لیکنمتاہم ابھی تک قومی کرکٹرز کی کیٹگریز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے، صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔

وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی، تاہم ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیں گے، سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے پر ابھی تبادلہ خیال ہونا ہے، جبکہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے۔

چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ پی سی بی کی اگلے مالی سال کے لیے پوزیشن مستحکم ہے، اس کے بعد کرکٹ نہ ہوئی تو مسائل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر بات ہوگی۔

وسیم خان کاکہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا، اسےجاری رکھیں گے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے حکمت عملی بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بتایا کہ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بجٹ بنا لیا ہے، اسپانسرز کے لیے کوشاں ہیں،مزید ایک سال کے لیے ہم ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کر سکتے ہیں، آئندہ سیزن کیلئے مشکل ہوگی۔

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپانسرز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، کورونا کی وجہ سے سیزن کے التواء سے متعلق پلان بنا رہے ہیں۔

Web Portal Developed and Designed by MIT SOFTWARE SOLUTION Hyderabad : http://mitsoftsolution.net, Contact us : (022) 3411371