بدھ ۲۷ مئی ۲۰۲۰ -

عمر اکمل کا سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک | ۲ ھفتے پہلے

26

No-Image

لاہور:(جمع:2020-05-15) قومی کرکٹر عمر اکمل نے میچ فکسنگ کی پیشکش سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں تین سال کی پابندی کی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو دو مختلف اوقات میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تین سال کی پابندی کی سزا دی گئ ہے۔

تاہم اب عمر اکمل ڈسپلنری پینل کے فیصلے کے خلاف آج اپیل دائر کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے نئے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ اکیڈمی میں مشکوک ساکھ والے کوچز کی بھی چھٹی کردی جائے گی اور جو معیار پر پورا اترے گا وہ اکیڈمی کا ہیڈ کوچ ہوگا چاہے ملکی ہو یا غیر ملکی۔

20 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

اس معطلی کی وجہ سے عمر اکمل پاکستان سپر لیگ 5 میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔

بعد ازاں یہ خبریں سامنے آئیں کہ عمر اکمل کو بکی نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تاہم وہ اس کی اطلاع بروقت پی سی بی کو دینے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد عمر اکمل کے فون کا ڈیٹا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنے پاس رکھ لیا اور عمر اکمل کو طلب کرکے ان کے دونوں فونز قبضے میں لے لیے۔

ریکارڈ کے مطابق پی ایس ایل 2020 سے پہلے بکی نے عمر اکمل سے رابطہ کیا اور انہیں فکسنگ کی پیشکش کی۔

ان ٹھوس شواہد کے ہاتھ لگنے کے بعد پی سی بی نے کارروائی کی اور پھر عمرل اکمل نے بھی بکی سے رابطہ ہونے کا اعتراف کرلیا تاہم پی سی بی یا ٹیم منیجمنٹ کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر ان کی معطلی برقرار رکھی گئی۔

20 مارچ کو کرکٹر عمر اکمل پر اینٹی کرپش کوڈ کی خلاف ورزی کی فردجرم عائد کی گئی اور عمر اکمل کو 31 مارچ تک جواب داخل کرنے کی مہلت دی گئی۔

ٹیسٹ کرکٹر کو اینٹی کرپشن کوڈ 4.2.2 کے تحت چارج کیا گیا اور ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے دو بار قانون کی خلاف ورزی کی۔

پی سی بی انٹی کرپشن کوڈ کا آرٹیکل 4.2.2 کسی بھی فرد کی جانب سے کرپشن کی پیشکش کے بارے میں پی سی بی ویجیلنس اینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ نہ کرنا ہے۔

Web Portal Developed and Designed by MIT SOFTWARE SOLUTION Hyderabad : http://mitsoftsolution.net, Contact us : (022) 3411371