news-details

کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور:(جمع : 09  جولائی 2021) این سی او سی کی جانب سے کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ، جس میں کہا صحت مند افراد کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دینا خلاف قانون ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں کورونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کے اقدام کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔


دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے ہر شہری کیلئے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے، ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو اجتماعی تقریباًت میں شرکت کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ صحت مند افراد کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دینا خلاف قانون ہے،کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو تقریباًت جانے سے روکنا بھی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔


دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا اقدام کالعدم قرار دینے کے ساتھ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے پر تقریبات میں شرکت پر پابندی کو بھی کالعدم قرار دے.