news-details

کورونا سے نمٹنے کیلئے سندھ میں آج سے لاک ڈاؤن نافذ، گھر سے نکلنے اور ڈبل سواری پر پابندی عائد

کراچی:(ھفتہ: 31 جولائي 2021) کورونا سے نمٹنے کیلئے سندھ میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا۔ تمام امتحانات ملتوی، مارکیٹیں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی۔ شہریوں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سڑکوں پر چیک ہونگے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔


سندھ حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیوں کا اطلاق آج سے 8 اگست تک ہوگا۔ سرکاری، نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور کوچنگ سینٹرز بند رہیں گے، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، مچھلی، گوشت، سبزی، دودھ، کریانہ سٹورز صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے، بیکری، تنور، فروٹ کے ٹھیلے، ہسپتال، لیبارٹریز، میڈیکل سٹورز اور پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔


بجلی، گیس فراہم کرنے والے ادارے، واٹر سپلائی اور موبائل کمپنیوں کو کم سٹاف کیساتھ خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی، سٹاک ایکسچینج اور بینکس محدود سٹاف کے ساتھ کام کر سکیں گے، فلاحی ادارے، میڈیا پرسن، ہاکرز خدمات جاری رکھیں گے، نماز جنازہ کیلئے کم سے کم افراد شریک ہونگے، متعلقہ ایس ایچ او سے اجازت لینا لازمی ہوگی، سڑکوں پر شہریوں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک ہوں گے۔