news-details

سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

کراچی:(منگل: 03 اگست 2021) سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کوروناوائرس میں مبتلا ہوگئے، وکیل نے قائم علی شاہ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں غیرقانونی بھرتیوں اوراختیارات کے ناجائزاستعمال کے کیسز میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، صوبائی وزیر شرجیل میمن اوردیگرکی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔


دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کوروناوائرس میں مبتلاہوگئے ، قائم علی شاہ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، وکیل نے بتایا کہ قائم علی شاہ علیل ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔ دوران سماعت شرجیل میمن عدالت میں پیش ہوئے ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا ملزمان کیخلاف انکوائری مکمل ہوچکی ہے، جس پر عدالت نے شرجیل میمن، قائم علی شاہ اوردیگرکی عبوری ضمانت میں 21ستمبر تک توسیع کردی اور نیب سےآئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔


نیب کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں من پسندافراد کی غیر قانونی بھرتی کا الزام ہے، جس میں قائم علی شاہ، شرجیل میمن نے سندھ ہائیکورٹ سےعبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔