کراچی: بارش سے قبل تیز ہوائیں شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گر گیا

news

کراچی:(جمعرات: 30 ستمبر2021) شہر قائد میں بارش سے قبل تیز ہوائیں شروع ہوتے ہی حادثات رونما ہونے لگے، راشد منہاس روڈ پر تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے 2 کھمبےگر گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستا ن جوہر میں تیز ہواؤں سے کے الیکٹرک کا پول رکشے پر گیا، رکشے میں کئی افراد سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا دوسرا پول بھی کس بھی وقت گر سکتا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ کھمبے شاپنگ مال کی پارکنگ سے سڑک پر گرے، جن میں سے ایک سڑک پر موجود رکشے پر گرا، جس کے باعث رکشے کو نقصان پہنچا ہے تاہم اس میں سوار افراد محفوظ رہے۔

بجلی کے کھمبے سڑک پر گرنے کے باعث ٹریفک کی روانی میں شدید خلل آگیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو سڑک کی دوسری طرف سے چلایا جا رہا ہے۔ ادھر کراچی کے ایک اور علاقے فیڈل بی ایریا بلاک 15 میں ایک درخت تاروں کے اوپر گر گیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو شکایت کی جا چکی ہے، تاہم ابھی تک ٹیم نہیں آئی۔

واضح رہے کہ کراچی کے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری میں طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں، حفاظتی بچاؤ کرتے ہوئے ماہی گیروں نے کشتیاں لنگر انداز کر دی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش بھی شروع ہو گئی ہے، جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں سائٹ ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے اور سرجانی شامل ہیں۔