وفاقی حکومت کا وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ

news-details

اسلام آباد:(جمع: 15 اکتوبر 2021) وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر مدت آج ختم ہوجائے گی، حکومت نے شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، شوکت ترین بطور مشیر خزانہ ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان جلد شوکت ترین کی بطور مشیر تعیناتی کی منظوری دینگے، اسحاق ڈار کی نشست پر الیکشنز ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق نہ ہونے کیوجہ سے شوکت ترین سینیٹر نہ بن سکے۔ وفاقی حکومت نے اسحاق ڈار کی نشست پر سپریم کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔ یاد رہے کہ شوکت ترین کو 6 ماہ کےلئے وفاقی وزیر بنایا گیا تھا، آئین کے مطابق 6 ماہ دوران رکن پارلیمنٹ نہ بننے کی صورت میں عہدہ چھوڑنا لازم ہے۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر منتخب ہونے کے بعد شوکت ترین کو وفاقی وزیر بنایا جائے گا، ضرورت پڑنے پر حماد اظہر کو دوبارہ وفاقی وزیر کا عارضی عہدہ دیا جا سکتا ہے، 16اکتوبر کو شوکت ترین سے وفاقی وزیر کا عہدہ واپس وزیراعظم کے پاس چلا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت ترین مشیر بننے کے بعد مختلف اہم کمیٹیوں کی سربراہی بھی نہیں کر سکیں گے، ای سی سی سمیت دیگر کابینہ کمیٹیوں کی صدارت کے بھی اہل نہیں رہیں گے۔