پی پی رہنما خورشید شاہ کی رہائی کے احکامات جاری

news-details

سکھر:(ھفتہ: 23 اکتوبر 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما خورشید شاہ جیل سے رہا ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق دو دن قبل سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کی ضمانت منظورکرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے اور نام ای سی ایل میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔
احتساب عدالت سکھر میں ضمانتی مچلکے جمع کروائے جانے کے بعد عدالت نے خورشید شاہ کی رہائی کا حکم جاری کیا۔
رہائی کے موقع پر بھرپور استقبال کے لیے سینٹرل جیل کے باہر جیالوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی تھی، جہاں سے خورشید شاہ کو ریلی کی صورت میں ان کی رہائش گاہ پہنچایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے جولائی میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، جسے انھوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ گرفتاری کے 2 سال بعد بھی نیب الزامات ثابت نہ کر سکا، کیا نیب کے پاس یہی واحد ثبوت ہے کہ خورشید شاہ چالیس بار بیرون ملک گئے؟
سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نیب تحقیقات کرے لیکن خورشید شاہ کو جیل میں مستقل نہ رکھا جائے، ریفرنس 2005 کی ٹرانزیکشنز پر بنایا گیا، تب خورشید شاہ پبلک آفس ہولڈر نہیں تھے، جب کہ نیب نے کسی ٹرانزیکشن کی دستاویزات نہیں دکھائیں۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے پی پی رہنما کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 18 ستمبر 2019 کو گرفتار کیا تھا۔ ضمانت کی منظوری پر بلاول بھٹو زرداری اور میاں شہباز شریف نے خورشید شاہ کو مبارک باد دی۔