news-details
لاہور

کسی کو معمولات زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور:(جمعرات: 28 اکتوبر 2021) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کسی کو بھی عوام کے معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی، راستوں کی بندش پر عوام سے معذرت خواہ ہوں۔
کالعدم تنظیم کے احتجاج کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری نے تازہ ترین صورتحال بارے بریفنگ دی۔ کالعدم تنظیم کی سرگرمیوں کے بارے بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ اداروں کو صوبے میں امن و عامہ کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی، ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں، عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی، حکومتی رٹ پر مکمل عمل کرایا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے شرکت کی۔