کابل: ہسپتال کے قریب دھماکہ،19افراد جاں بحق،50سے زائد زخمی

news-details

کابل:(منگل 02 نومبر 2021) افغانستان کا دارالحکومت کابل ایک مرتبہ پھر دھماکے سے گونج اٹھا،ہسپتال کے قریب دھماکے سے 19افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 50سے زائد زخمی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ سردار محمد داؤد خان ہسپتال کے قریب ہوا جبکہ فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
طالبان حکام اور عینی شاہدین کی طرف سے کہا گیا کہ کابل میں قائم افغانستان کے سب سے بڑے ملٹری ہسپتال کے نزدیک کم از کم دو زوردار دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ ابتدائی طور پر افغانستان کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان قاری سعید خوستی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دھماکے سردار محمد داؤد خان کے ہسپتال کے داخلی دروازے پر ہوئے۔ اس ہسپتال میں مریضوں کے لیے 400 بستروں کا انتظام ہے۔
دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دھماکوں کی شدت کا اندازہ اس علاقے کے رہائشیوں کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر سے ہوتا ہے، جن میں دور دور تک سیاہ بادل دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ دراصل کابل کے سابق سفارتی زون کے نزدیک کا ایک علاقہ ہیں۔