ملک بھر میں چینی کا بحران: سندھ میں ایکس مل قیمت میں 9 روپے تک کا اضافہ

news-details

کراچی:(جمعرات 04 نومبر 2021ع) چینی کی قیمت میں دنوں میں نہیں بلکہ گھنٹوں کے لحاظ سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک روز کے دوران سندھ بھر میں چینی کی ایکس مل قیمت 9 روپے اضافہ سے 136 روپے جبکہ لاہور میں چینی کا ہول سیل ریٹ 132 سے بڑھ کر 141 روپے کلو تک پہنچ گیا۔
ملک بھر میں چینی کا بحران پیدا ہونے جا رہا ہے۔ انڈسٹڑی ماہرین کا کہنا ہے کہ گنے کی کرشنگ کا سیزن تاخیر سے شروع ہونے سے طلب و رسد کا فرق بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے چند روز قبل گنے کی امدادی قیمت کا اعلان کیا ہے۔
ایک ماہ میں چینی کی ایکس مل 36 روپے اضافے سے 136 روپے کلو ہول سیل میں 138 جبکہ ریٹیلرز نے اسے 145 روپے کلو بیچنے کی ٹھان لی ہے اور چینی کے حصول کے لیے عوام کو مہنگائی کے کڑوے گھونٹ پینے پڑ رہے ہیں۔
لاہور میں مقامی چینی کی قلت بحرانی شکل اختیار کرنے لگی۔ ہول سیل مارکیٹ میں مقامی چینی غائب جبکہ بلیک مارکیٹنگ شروع ہوگئی۔ ہول سیل ریٹ 132 سے بڑھ کر 141 روپے کلو تک پہنچ گیا۔ پرچون بازاروں میں مقامی چینی کی شدید قلت سے 5 روپے کلو اضافے سے قیمت 135 روپے کلو تک پہنچ گئی۔ ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو چینی کا تھیلا 6200 روپے سے بڑھ کر 6600 روپے کا ہوگیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بروقت فیصلے نہ لینے کی عوام کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔
ادھر سندھ کابینہ نے گنے کی قیمت ڈھائی سو روپے فی چالیس کلو گرام مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ سندھ اسمبلی میں اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ کھاد اور ڈیزل مہنگا ہونے کے باعث محکمہ زراعت نے گندم کی قیمت بڑھانے کی تجویز دی تھی، جس پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔
صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ویسٹ انرجی پالیسی کا مسودہ پیش کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کچرے سے انرجی پیدا کی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں محکمہ کالج ایجوکیشن کو پندرہ سو انٹرنی بھرتی کرنے کی اجازت دے دی گئی جبکہ کے الیکٹرک کی چالیس ایکڑ ارضی پر گرڈ اسٹیشن کرنے کی درخواست پر سب کمیٹی قائم کر دی۔