لاہور:(جمعہ 05 نومبر 2021ع) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول مہنگا کرنا ظالمانہ اور غریب کش اقدام، پٹرول نے 145 روپے لیٹر کی حد پار نہیں کی بلکہ موجودہ حکومت نے نالائقی، نااہلی، اور کرپشن کی ہر حد پار کر دی ہے۔ قائد حزب اختلاف و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا، آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت ابھی پٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے جو ظلم ہے، حکومت آئی ایم ایف سے بجلی کی قیمتیں بڑھانے کی شرط کے سامنے ڈھیر ہوچکی ہے، حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے، موجودہ حکومت عوام کو صرف تکلیف دے سکتی ہے، ریلیف اس کے بس کی بات نہیں، قوم پوچھ رہی ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں ؟۔
ادھر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و رہنما مسلم لیگ نون حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب رات کے اندھیرے میں عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، ابھی زخم بھرے نہیں تھے پٹرول پھر آٹھ روپے مہنگا کر دیا گیا، نیازی صاحب نے جب نوٹس لیا، قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 2018 میں پٹرول 78 روپے فی لٹر تھا، پچھلے دنوں پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا تھا، عمران نیازی کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، عمران خان کو جھوٹ کا تمغہ ضرور ملنا چاہیئے، عمران نیازی قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، ان کے منہ سے ہمیشہ سونامی سنا ہے جس کا مطلب تباہی ہوتا ہے، پاکستان میں فی کس آمدن دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، اپنی انا سے نیچے اتر کر عوام کا احساس کریں، عوام مر رہے ہیں، بنی گالہ کا شہزاد چین کی بانسری بجا رہا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب آپ کا تکلیف پیکج عوام کو بہت مہنگا پڑ رہا ہے، لوگوں کی بددعاؤں کو سُنیں اور استعفیٰ دے دیں، وزیراعظم کا ہر اعلان صرف جھوٹ فراڈ اور دھوکا ہے.
ریلیف پیکج کے بعد چینی 150 روپے کلو اور پٹرول 146 روپے لٹر ہوگیا جو قوم کی تضحیک ہے، لوگ جانتے ہیں آپ کا ریلیف پیکج اپنے اے ٹی ایمز اور مافیا کیلئے ہے، عمران خان عوام کو کوئی ریلیف نہیں، اپنا استعفیٰ دے دیں۔