news-details

شہباز شریف کا سراج الحق اور محمود اچکزئی سے رابطہ، مہنگائی کیخلاف ردعمل دینے پر اتفاق

لاہور:(هفتہ 06 نومبر 2021ع) شہباز شریف نے سراج الحق اور محمود خان اچکزئی سے رابطہ کر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس پر بات چیت کی۔ تینوں رہنماؤں نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے پر اتفاق کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے قومی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ قذئد حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی۔
اس موقعہ پر قائدین نے بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی شہباز شریف کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان مہنگا ترین پاکستان بن چکا ہے، پی ٹی آئی عوام کے لئے پریشانی، تکلیف اور انتقام بن چکی ہے۔
قائدین نے نیب کے کالے قانون کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کرنے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔