اتحادی جماعتوں کا کالے قانون کا حصہ بننے سے انکار نیک شگون ہے: شہباز شریف

news-details

اسلام آباد:(جمعرات 11 نومبر 2021ع) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے۔ اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعد حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاہ قوانین واپس لے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا، اسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے، پرائیویٹ ممبر بل پر دو بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التوا عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی ستائی عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ہے، عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہو کر قوم کو ریلیف دیں۔