news-details

حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن الیکشن مہم پر ہے: شیخ رشید

اسلام آباد:(ھفتہ 13 نومبر 2021ع) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہاپوزیشن خود کو خوار کررہی ہے، مخالفین الیکشن مہم پر ہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو احتجاجی تحریک میں وارم اپ میں 6 ماہ لگیں، دھرنے کا اصل وقت وہ تھا جب فضل الرحمان اسلام آباد آئے تھے، اب تو اپنے آپ کو خوار کریں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ساڑھے تین سال ہوگئے، اب تو اپوزیشن الیکشن مہم چلارہی ہے، جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے، مجھے ان سے گلہ ہے کہ بڑی دیر سے شروع کیا، اب تو یہ الیکشن مہم ہے، اتحادی بھی کہیں نہیں جارہے، جب بھی کوئی ایشو آتا ہے لوگ مطالبے منوانے کی بات کرتے ہیں، مطالبے منوانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے۔ ملکی معیشت بڑے امتحان سے گزر رہی ہے، ہمیں صرف مہنگائی کے مسئلہ کا سامنا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں شامل نہیں تھا، طے ہونے والے معاملات چند دن میں سامنے آجائیں گے، میں نے سعد رضوی سے خود کہا کہ یہ وزارت مذہبی امور اور پنجاب حکومت کا معاملہ ہے، ٹی ایل پی کو پنجاب حکومت کے کہنے پر وزارت داخلہ نے کالعدم قرار دیا تھا، انہی کی درخواست پر پابندی واپس لی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے اسی ماہ ایک ہزار پولیس والے بھرتی کریں، 1122 کیلئے پنجاب کیساتھ ایم او یو کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ہیں ای سی ایل سے نکلنے کے لیے دونوں نے درخواست نہیں دی، نیب نے ایک اور کیس دو ہفتے پہلے بھیجا ہے۔
افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس افغانستان میں جو صورتحال ہے اسکے اثرات بھی پاکستان پر ہوں گے، یہ نہیں ہو سکتا 4 کروڑ لوگوں میں بھوک اور ننگ ہو اور اس کے اثرات پاکستان پر نہ ہو۔