news-details

ثاقب نثار نے جھوٹ بولا، میں نے انہیں کبھی ایکسٹینشن دینے کا نہیں کہا: رانا شمیم

لاہور:(پیر 15 نومبر 2021ع) سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار جھوٹ بول رہے ہیں، انہیں کبھی اپنی ایکسٹینشن کا نہیں کہا اور نہ ہی چیف جسٹس پاکستان اس کا اختیار رکھتے ہیں۔
رانا محمد شمیم نے سابق چیف جسٹس پاکستان کے جواب پر جواب الجواب میں کہا کہ ثاقب نثار نے آئین اور قانون کے خلاف بات کی، وہ بتائیں آئین کے کس آرٹیکل کے تحت وہ چیف جسٹس جی بی کو ایکسٹینشن دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے، رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی ایکسٹینشن مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں، ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا، ہر ایک جھوٹی اور من گھڑت بات کا رد عمل دینا دانشمندی نہیں۔