news-details

تحریک لبیک پاکستان کے رہنما سعد رضوی کو رہا کردیا گیا

لاہور:(جمعرات 18 نومبر 2021ع) حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی ختم کرکے انہیں رہا کردیا ہے۔ ان کی رہائی کوٹ لکھپت جیل سے عمل میں آئی ہے۔ گزشتہ ہفتے حکومت نے سعد رضوی سمیت ٹی ایل پی کے کئی رہنماؤں کے نام فورتھ شیڈول کی لسٹ سے نکالے تھے۔
ترجمان تحریک لبیک پاکستان کا کہنا ہے کہ رہائی کے بعد سعد رضوی مسجد رحمت للعالمین پہنچ گئے۔ سعد رضوی کل اپنے والد علامہ خادم حسین رضوی کے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، عرس کی تقریبات 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو حکومت نے رواں سال 12 اپریل کو لاہور سے اس وقت گرفتارکیا تھا جب وہ ایک جنازہ پڑھا کر اپنے گھر واپس آرہے تھے۔
انہوں نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر نہ کرنے کے معاملے پر حکومت کے خلاف اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا تھا۔ ان کے گرفتاری کے بعد کالعدم ٹی ایل پی کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیے جس کے بعد حکومت نے ان کی جماعت کے ساتھ معاہدہ کیا۔