عمران نیازی کے فرمان کو مسترد کرتے ہیں، ملک میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے:شہبازشریف

news-details

لاہور:(جمعہ 19 نومبر 2021ع) مسلم لیگ ن نے حکومتی قانون سازی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ فرمان عمران نیازی مسترد کرتے ہیں، ملک میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اہم اجلاس ہوا ، قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اجلاس کی صدارت کی ، جس میں مشترکہ اجلاس میں حکومت کے قانون سازی بلڈوز کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔
شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حکومتی قانون سازی کو قانونی نہیں مانتے، عمران نیازی کا فرمان مسترد کرتے ہیں۔عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے۔ موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے، اب آئین پر حملہ آور ہے۔ الیکشن کمشن کا بیان حکومتی قانون سازی اور ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی پاکستان میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے، ایل پی جی، آٹا، چینی، دوائی، بجلی اور گیس عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔جو حکومت ایک کلو آٹا، چینی اور سلنڈر سستا نہیں کرسکتی، وہ نیا گھر دینے کی بات کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد اور جذبے کو سراہتے ہیں، اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی، آئین اور عوام کو ریلیف دلائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم ، عوام دشمن اور قانون شکن حکومت کا ساتھ دینے والے قوم کے مجرم ہیں۔