news-details
ڈھاکہ

پاکستان نے بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

ڈھاکا:(جمعہ 19 نومبر 2021ع) تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلا دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔
بنگلا دیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 22 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جب کہ چوتھے اور پانچویں نمبر پر آنے والے حیدر علی اور شعیب ملک بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
24 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی جس کے بعد فخرزمان اور خوشدل نے مزاحمت کی اور اسکور کو آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم فخر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد خوشدل بھی 34 رنز بناکر پولین لوٹ گئے۔
خوشدل اور فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نواز اور شاداب خان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 30 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت قومی ٹیم نے 127 رنز کا ہدف 19.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو مقررہ 20 اوورز میں 127 رنز تک محدود رکھا۔
بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ پاکستانی بولر حسن علی نے لی جس کے بعد بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔