تجوری ہائٹس مسمار، نسلہ ٹاور کے تین فلور منہدم: کمشنر کراچی نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی

news-details

کراچی:(جمعہ 26 نومبر 2021ع) کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور کیس میں پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی اور کہا کہ تجوری ہائٹس مسمار جبکہ نسلہ ٹاور کے تین فلور منہدم کر دیئے ہیں۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تیسرے روز بھی چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تجاوزات کے خلاف درخواستوں کی سماعت جاری رکھیں۔ کمشنر کراچی نے نسلہ ٹاور کو گرانے کے بارے میں با تصویر پیشرفت رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گراونڈ اور تین فلور کی دیواریں مکمل گرا دی گئیں ہیں، مزدور اور مشینری دن رات بلڈنگ گرانے میں مصروف ہیں۔
چیف جسٹس نے کمشنر کراچی سے کہا عمارت کو نیچے سے گرانے کا فیشن کہاں سے آگیا ؟ کیا بنیادیں کمزور نہیں ہونگی ؟ اس طرح تو پوری عمارت گر جائے گی، کوئی حادثہ ہوا تو کون ذمے دار ہوگا ؟ کمشنر بولے عمارتوں کو گرانے کا یہی طریقہ ہے، انجنئرز معاونت کر رہے ہیں۔
اسی اثنا میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان روسٹرم پر آگئے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کون ہیں آپ۔ حافظ نعیم الرحمان نے تعارف کراتے ہوئے کہا میں معاوضے کی بات کرنے آیا ہوں۔ چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم کو روسٹرم سے ہٹا دیا اور کہا ا سکا فیصلہ ہم دے چکے، یہاں سیاسی تقریر نہ کریں۔ تجوری ہائٹس کے وکیل رضا ربانی نے عدالت کو بتایا کہ تجوری ہائٹس کا اسٹرکچر مسمار کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کو سول ایوی ایشن کی تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم بھی دے دیا۔ ایف آئی اے نے پیشرفت رپورٹ پیش کر دی اور کہا اراضی پر قائم قبضے ختم کروا کر سول ایوی ایشن کے سپرد کر دی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ ہمیں 9 ایکڑ اراضی مل چکی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا باقی اراضی پر قبضے ختم کروا رہے ہیں۔