سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس بلڈرکو 20 دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دے دی

news-details

اسلام آباد:(ھفتہ 27 نومبر 2021ع) سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس کے بلڈر کو 20دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دے دی اور کہا آئندہ حکم تک تجوری ہائٹس اراضی کمشنر کراچی کی تحویل میں رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس کیس سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا ، جس میں سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس بلڈرکو 20دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دے دی ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کمشنر کراچی تجوری ہائٹس سے ملبہ اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں، آئندہ حکم تک تجوری ہائٹس اراضی کمشنر کراچی کی تحویل میں رہے گی۔ رضا ربانی نے بتایا کہ تجوری ہائٹس کا اسٹرکچر گرا دیا گیا، مکمل ملبہ اٹھانے کے لیے 20دن کی مہلت درکار ہے۔
یاد رہے کمشنر کراچی اقبال میمن نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور اورتجوری ہائٹس گرانے سے متعلق رپورٹ جمع کرائی تھی ، جس میں کہا تھا کہ نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس گرانے کا کام تیزی سے جاری ہے، ضلع انتظامیہ اور دیگر ادارےدونوں عمارتیں مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں۔