کورونا کی نئی قسم کا خطرہ، پاکستان نے ہانگ کانگ اور6 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائدکردیں

news-details

اسلام آباد: پاکستان نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد ہانگ کانگ اور جنوبی افریقہ سمیت 6 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی۔
انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ہانگ کانگ، جنوبی افریقا، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو، اسواتینی اور بوٹسوانا پرسفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ایمرجنسی میں سفرکرنے والے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت لینا ہوگی اور پاکستانی مسافروں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ائیرپورٹ پر دکھانا ہوگا۔
این سی اوسی کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسافروں کو 72 گھنٹے پہلے کی منفی پی سی آررپورٹ دکھانا ہوگی جبکہ ائیرپورٹ پر مسافر کا ریپڈ اینٹی جین ٹیسٹ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ تین روز قبل جنوبی افریقا کے ماہرین نے کورونا کی نئی تغیر شدہ قسم کے حوالے سے انکشاف کیا اور بتایا تھا کہ ایک صوبے میں تقریباً دو درجن شہریوں کو اس کی تشخیص ہوئی ہے۔
افریقی ماہرین نے کورونا کی نئی قسم کو بی ون ڈاٹ ونڈاٹ فائیو ٹو نائن کا نام دیا اور اس کے تیزے سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا کی یہ قسم ماضی کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔