صدر مملکت عارف علوی 15ویں سمٹ آف اکنامک آرگنائزیشن میں شرکت کیلئے ترکمانستان پہنچ گئے

news-details

اشک آباد:(اتوار 28 نومبر 2021ع) صدر مملکت عارف علوی 15ویں سمٹ آف اکنامک آرگنائزیشن میں شرکت کیلئے ترکمانستان پہنچ گئے، انہوں نے تاجک صدر امام علی رحمان سے سائیڈ لائن ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
صدرڈاکٹرعارف علوی نے دورہ ترکمانستان کے دوران تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی جس کے دوران کاسا 1000 منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ صدر عارف علوی نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی بندرگاہوں کےذریعے تاجکستان کیلئےعلاقائی انضمام اور روابط پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں افغانستان میں انسانی صورتحال کی وجہ سےدرپیش چیلنجز پربھی گفتگو ہوئی۔ صدرعارف علوی نے تاجک ہم منصب کو افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں بارے آگاہ کیا اور کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام سے ہمسایہ ممالک سب سے زیادہ متاثرہوں گے، افغان معیشت بچانے کیلئےافغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنےکی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے زور دیا کہ افغانستان میں امن و مفاہمت اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے، افغانوں کےحقوق کا احترام ضروری تاہم افغان سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان میں پائیدار امن خطے میں تجارت اور معاشی مواقع فراہم کرے گا، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہار کیا۔