کورونا کی نئی قسم بہت زیادہ خطرناک ہے، دو سے تین ہفتے انتہائی اہم ہیں:اسد عمر

news-details

اسلام آباد:(پیر 29 نومبر 2021ع) سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم بہت زیادہ خطرناک ہے، دو سے تین ہفتے انتہائی اہم ہیں، پاکستان میں نئے کورونا ویرینٹ کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، بچاؤ کا واحد راستہ ویکسینیشن ہے۔
سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) و وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی میں تمام فیصلے مستقبل کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں، کورونا کا نیا ویرینٹ دنیا بھر میں پھیل رہا ہے، جو انتہائی خطرناک ہے مگر ویکسی نیشن اس کے لئے موثر ہوگی، 5 کروڑ پاکستانیوں کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نئے کورونا ویرینٹ کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کورونا کا نیا ویرینٹ پاکستان کو بھی متاثر کرے گا، اگلے 2 سے 3 دن میں تمام صوبوں میں بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم شروع ہو رہی ہے، تمام پاکستانی اپنی ویکسی نیشن جلدی کرائیں۔
معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ کا پھیلاؤ پرانے وائرس کی نسبت زیادہ تیزی سے ہو رہا ہے، ویکسین میں تاخیر کرنیوالے دنیا بھر میں متاثر ہو رہے ہیں، ہمارے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، کروڑوں ویکسین لگا چکے ہیں مگر کروڑوں ویکسین لگوانا باقی ہے۔