بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے: آصف علی زرداری

news-details

کراچی:(اڱارو 30 نومبر 2021ع) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پیغام میں سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پارٹی اپنے بانی کے فلسفے اور منشور پر ثابت قدم ہے، قائد عوام نے پارلیمانی نظام کے لیےجدوجہد کی تھی اور پارلیمانی نظام دیا تھا، آج ہم عہد کی تجدید کرتے ہیں پارلیمانی نظام کا مکمل دفاع کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کے دیے ہوئے منشور کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی 54 سال سے جدوجہد کرتی رہی ہے، پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی ہے، اس لیے ہماری ترجیح صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے،پی پی کی قیادت اور کارکنوں کو ملک، آئین اورجمہوریت اس لیے سب سے ذیادہ عزیز ہے، پی پی نے اس ملک کی دوبارہ تعمیر کی، ملک کو آئین دیا اور عوام کو جمہوری حقوق دیے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے اور اس سوچ کو شکست دیں گے جو جمہوریت سے نفرت کرتی ہے، اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔