news-details

سندھی ثقافت کا دن: امریکی اور جرمن قونصل جنرل کی سندھی زبان میں مبارکباد

کراچی:(اتوار 05 دسمبر 2021ع) سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، سندھی ثقافتی دن کے موقع پر جرمن قونصل جنرل بھی ثقافتی رنگوں میں رنگ گئے۔ تفصیلات کے سندھ کے تمام ہی علاقوں میں سندھی ثقافت کا دن جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے بچے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین کی جانب سے اپنی ثقافت سے محبت بھرپور اظہار کیا جارہا ہے۔
سندھی کلچر ڈے کے موقع پر صوبے کے مختلف شہروں میں سماجی و سیاسی تنظیموں اور پریس کلب کے تعاون سے راگ و رنگ کی محافل، مشاعرہ ، لوک گیتوں پر رقص کی تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ سندھی ثقافتی دن کے موقع پر جرمن قونصل جنرل بھی ثقافتی رنگوں میں رنگ گئے،جرمن قونصل جنرل ہال گرزیگلر نے جرمن پرچم کے رنگوں پر مشتمل سندھی ٹوپی پہن کر سندھی ثقافت اور پاک جرمن دوستی زندہ باد کا پیغام دیا۔
ادھر امریکی قونصل جنرل نے بھی سندھی زبان میں کلچرل ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، جنہوں نے یہاں امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا، سندھ کے تمام باسیوں کو کلچرل ڈے کی مبارکباد۔ کراچی ،سکھر، حیدرآباد، جیکب آباد، دادو، نواب شاہ، پڈعیدن اور خیرپور میں بھی ریلیاں نکالی جارہی ہیں جس میں نوجوان، بچے سندھی اجرک ٹوپی پہنے بھرپور انداز میں شریک ہیں۔
واضح رہے کہ سندھی ثقافت کی ایک خوبصورت پہچان دیگر سوغاتوں کے علاوہ سندھی ٹوپی اوراجرک بھی ہے، یہاں کے رہنے والے مہمانوں کوسندھی ٹوپی اوراجرک تحفتاً دے کر اپنی محبت کا دل سے اظہار کرتے ہیں۔