سیالکوٹ واقعے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے: مفتی تقی عثمانی

news-details

اسلام آباد:(منگل 07 دسمبر 2021ع) مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا، ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے، متاثرہ فیملی کا معاوضہ ادا کیا جائے۔ اسلام آباد میں علما کا وفد سری لنکن ہائی کمیشن پہنچا، جہاں انہوں نے سیالکوٹ واقعے کی مذمت اور سری لنکن عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مفتی تقی عثمانی نے دیگر علماء کرام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، سری لنکا ہمارا برادر ملک ہے، ملزمان کو سخت سے سخت سزا دلائیں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے سری لنکن شہری کے ساتھ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سانحہ سیالکوٹ کے بعد حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعے کی ملک بھر میں مذمت کی گئی ہے، واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہے، سانحہ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔