news-details
اسلام آباد

سیالکوٹ واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے: وفاقی کابینہ

اسلام آباد:(منگل 07 دسمبر 2021ع) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہونے والی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران سانحہ سیالکوٹ کی بدنامی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس کے دوران سیالکوٹ واقعہ پر بریفنگ دی گئی۔
کابینہ اراکین نے اجلاس کے دوران سیالکوٹ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، سانحہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران 17 نکاتی ایجنڈے پر غور بھی کیا گیا۔ افغان باشندوں کو کسی تیسرے ملک میں جانے کے لیے زمینی یا فضائی محفوظ راستہ دینے کا معاملہ موخر کر دیا گیا، گیپکو اور ٹیسکو کے سی ای اوز کی تعیناتی کی منظوری دیدی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پیٹرول پر ڈیلر مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی۔