ڈھاکا ٹیسٹ: بنگلادیش کو اننگز اور 8 رنز سے شکست، پاکستان کا کلین سوئپ

news-details

ڈھاکا:(بدھ 08 دسمبر 2021ع) ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش کو شکست دے دی۔ بنگلا دیش کا دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا۔ اوپنرز شادمان اسلام اور محمود الحسن نے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ حسن علی نے محض 6 سکور پر محمود الحسن کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد 2 رنز بنانے والے شادمان بھی پویلین لوٹ گئے، نجم الحسن 6 اور مومن الحق 7 رنز بنا سکے۔ لٹن داس نے آ کر ٹیم کو سنبھالا دیا اور 7 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے، انہیں ساجد خان نے آوٹ کیا۔ مشفق الرحمن ففٹی بناتے بناتے رہ گئے، 48 رنز پر رن آوٹ ہوگئے۔ شکیب الحسن نے پاکستانی باولرز کو ٹف ٹائم دیا تاہم انہیں 63 رنز پر ساجد خان نے شکار کیا، مہدی حسن 14 رنز بنا سکے۔ خالد احمد صفر.
فالو آن کی شکار بنگلا ٹیم نے قبل ازیں آج پہلی اننگز کا سلسلہ 7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز سے جوڑا تو پاکستانی باولرز نے حریف بلے بازوں کو ٹکنے نہ دیا، تیج الاسلام کو صفر سکور پر ساجد خان نے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ان کے بعد خالد احمد آئے، انہیں شاہین آفریدی نے شکار کیا۔ سب سے زیادہ 33 رنز بنانے والے شکیب الحسن کو بھی ساجد خان نے چلتا کیا۔ یوں ساری ٹیم 87 کے مجموعے پر آوٹ ہو گئی۔
ساجد خان نے 8 مخالف بلے بازوں کو آؤٹ کر کے بنگلا دیش کو فالو آن کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
ساجد خان نے میچ میں مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں اور وہ پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ میچ میں 12 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی آف اسپن بولر بن گئے ہیں.