ملک کے کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوف زدہ، گھروں سے باہر نکل آئے

news-details

کراچی:(اتوار 12 دسمبر 2021ع) ملک کے مختلف علاقوں میں علی الصبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، خوف زدہ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق مالاکنڈڈویژن کےاضلاع، سوات،لوئر دیر، بونیر، شانگلہ، بشام اور گردونواح میں بھی آج علی الصبح زلزلے کےجھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلےکی شدت3.8، گہرائی120کلومیٹر جبکہ اس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا۔
زلزلے کے باعث شہری کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور سخت سردی کے باعث کمسن بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا، زلزلے کے باعث کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ادھر حیدرآباد اور نواحی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیلا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.3ریکارڈکی گئی، زلزلےکا مرکز حیدرآباد سے70کلومیٹرمغرب میں تھا جبکہ اس کی گہرائی 30کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔