news-details
کراچی

مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا: شرح سود میں ایک فیصد اضافہ

کراچی:(منگل 14 دسمبر 2021ع) مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافہ کر دیا۔ جبکہ شرح سود 20 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد شرح سود8.75 فیصد سے بڑھ کر 9.75 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔اس فیصلے کا مقصد مہنگائی کے دباؤ سے نمٹنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ نمو پائیدار رہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق شرح سود میں اضافہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا، نومبر میں عمومی مہنگائی بڑھ کر 11.5 فیصد ہو گئی ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں بالترتیب مہنگائی بڑھ کر 7.6 فیصد اور 8.2 فیصد ہو گئی ہے جس سے ملکی طلب کی نمو کی عکاسی ہوتی ہے۔ نومبر میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 5 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔