news-details
کراچی

حکومت کا صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم کی فراہمی روکنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے: شیری رحمان

کراچی:(منگل 14 دسمبر 2021ع) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم کی فراہمی روکنے کا فیصلہ غیر آئینی اور انتہائی تشویشناک ہے، وسائل کی کمی کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔
شیری رحمان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی حکومت اپنا مالیاتی بوجھ صوبوں کو منتقل کر کے اپنی آئینی ذمہ داری سے دستبردار ہونا چاہتی ہے، صوبائی ترقیاتی منصوبوں میں وفاق کو آئین کے مطابق اپنا حصہ ڈالنا ہوتا ہے، ثابت ہوچکا اسلام آباد میں مسلط حکومت صوبوں کو ساتھ لے کر نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری صرف اسلام آباد نہیں، پورا ملک ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا آئین کے بنیادی اصول اور وفاقی ذمہ داریاں بھی اس حکومت کو سمجھانی پڑیں گی؟