news-details
کراچی

کراچی میں گیس بحران بے قابو: تحریک انصاف ایم پی اے نے وزیراعظم اور حماد اظہر کو خط لکھ دیا

کراچی:(بدھ: 22 دسمبر 2021) کراچی میں گیس بحران بے قابو ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے مایوسی کا شکار ہوگئے۔ پی ٹی آئی ایم پی اے نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو انتباہی خط لکھ دیا۔
تحریک انصاف کے ایم پی اے راجہ اظہر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ کراچی بلخصوص میرے پورے حلقہ 97 میں گیس بحران شدید تر ہوگیا ہے، گیس بحران پر شہری سوئی گیس اور وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، صورتحال پی ٹی آئی کے ہاتھوں سے نکل رہی ہے، بلدیاتی انتخابات میں نقصان پہنچائے گی، وزیراعظم، وزیر توانائی گیس بحران پر نوٹس لیں، کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، انہیں مایوس نہ کریں۔
خیال رہے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی کی جانب سے ملک میں گیس بحران پر لکھے گئے خط میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے رویے کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ آفتاب صدیقی نے خط میں لکھا کہ میرے حلقے این اے 247 کراچی میں گیس کی سپلائی بالکل نہیں ہے، اکتوبر سے گیس کا ایشو چل رہا ہے، آپ کو بارہا میسیج بھی کیے لیکن آپ نے کوئی جواب نہیں دیا، آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے۔