پی پی اپنے وعدے پورے کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت گیس، بجلی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی: مرتضیٰ وہاب

news-details

کراچی:(بدهه: 28 دسمبر 2021) مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پی پی اپنے وعدے پورے کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی طرح عوام سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا جو پورا نہ کرسکیں، وفاقی حکومت گیس اور بجلی کی فراہمی میں ناکام ہو چکی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی طرح ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے بیروزگار نہیں کیا.
ہم نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے لوگوں کو بے گھر نہیں کیا، ہمارے ٹرانسپورٹرز کے پاس گیس نہیں، آئین کے مطابق گیس جس صوبے میں پیدا ہوگا سب سے پہلا حق اس کا ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ وفاقی حکومت سے لڑ تو نہیں سکتے، مراد علی شاہ جب کوئی سخت بات کرتے ہیں تو پی ٹی آئی حکومت کوئی اور الزامات لگانا شروع کر دیتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ معیشت کو مستحکم کیا ہوتا تو کیا آج یہ حالات ہوتے، شہر قائد میں پانی، سیوریج اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام پارکوں کو بحال کر کے شہریوں کے لیے کھولیں گے، ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری اور پارکوں کی ضرورت ہے، موسم سرما ختم ہوتے ہی وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی، پارک تفریح و طبع کے لیے انتہائی سستا ذریعہ ہیں، شہری آگے بڑھیں اور بحال شدہ پارکوں کی حفاظت کریں۔