بلدیاتی انتخابات سے متعلق حلقہ بندیاں ہو رہی ہیں جو مارچ تک مکمل کر لی جائیں گی:مراد علی شاہ

news-details

جامشورو:(هفتہ: 15 جنوری 2022) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں ہونے کے بعد سندھ میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیہون شریف ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھاد کی قلت کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے جبکہ ہم نے کمشنرز اور ڈی سیز کو کھاد کی اسمگلنگ روکنے کے احکامات دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مری سانحہ افسوسناک ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔ بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق حلقہ بندیاں ہو رہی ہیں جو مارچ تک مکمل کر لی جائیں گی۔ حلقہ بندیاں ہونے کے بعد ہی سندھ میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 27 فروری سے لانگ مارچ شروع کرے گی۔ یہ لانگ مارچ مزار قائد سے شروع ہو گا جو اسلام آباد تک جائے گا۔ مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں پاکستان میں مہنگائی نہیں، وزیر اعظم کو مہنگائی نظر نہیں آ رہی اور غریب کس حال میں ہے انہیں کچھ پتہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غریبوں کو مہنگائی کا احساس ہے جبکہ سب کو پتہ ہے آٹے اور چینی کی قیمت بڑھی ہیں۔ ضلع جامشورو میں امن امان کی صورتحال پر ایس ایس پی سے پوچھوں گا۔