news-details
اسلام آباد

تعلیمی ادارے بند ہوں گے یا نہیں: وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت وزرائے تعلیم کانفرنس آج شیڈول

اسلام آباد:(پیر: 17 جنوری 2022) کورونا کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند کرنے یا کھلے رکھنے سے متعلق فیصلہ آج ہوگا، وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج شیڈول ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کورونا وائرس اور اومی کرون کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز کے سبب 2 کالجز پہلے ہی بند کئے جا چکے ہیں۔ محکمہ صحت کی سفارش کے بعد گرلز ماڈل کالج ایف 6 ٹو اور جی 6 ون کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے مزید سات افراد جاں بحق اور 4 ہزار 340 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق چار ہزار 340 نئے کیسز سامنے آئے۔ پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ سات ایک ریکارڈ کی گئی۔