اسٹیٹ بینک کا بل زبردستی منظور کرایا گیا، پارلیمنٹ، حکومت اور عدلیہ کے ہاتھ باندھے جاچکے ہیں: بلاول بھٹو

news-details

اسلام آباد:(منگل: 18 جنوری 2022) بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ زبردستی منی بجٹ پاس کرانے سے تاریخی غربت کا سامنا ہے، عوام حکومت کی نااہلی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، 27 فروری کو کراچی سے حکمرانوں کے خلاف نکلیں گے، جمہوری کوشش سے حکومت سے چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا بل زبردستی منظور کرایا گیا، پارلیمنٹ، حکومت اور عدلیہ کے ہاتھ باندھے جاچکے ہیں، اسٹیٹ بینک کا بل ہو یا ضمنی مالیاتی بل، ہماری معاشی خود مختاری، سلامتی پر حملہ کیا گیا، ہم حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مزاحمتی تحریک چلائیں گے، موجودہ مہنگائی، بے روز گاری، آئی ایم ایف بجٹ پر توجہ نہیں ہٹانے دیں گے، فیصلہ کن تحریک چلائیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام، محترمہ بینظیر بھٹو اور آصف زرداری نے پارلیمنٹ کو بالادست بنایا، اپوزیشن کے دو لانگ مارچ سے حکومت پر دباؤ زیادہ بڑھے گا، فروری میں اس لئے احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ ہمارے کارکنان اور عوام کا مطالبہ تھا، عوامی ایشوز کے لئے نکل رہے ہیں، عوام اس مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی حالات جتنے بھی افغانستان میں خراب ہونگے، اس کا اثر یہاں پڑتا ہے، عدم اعتماد، سڑکوں پر احتجاج ہمارا پہلے دن سے موقف تھا، اسی پر قائم ہیں.