رانا شمیم نے نواز شریف کے دفتر میں بیان حلفی ریکارڈ کرایا، شریف فیملی نے کوئی تردید نہیں کی: فواد چودھری

news-details

اسلام آباد:(ھفتہ 22 جنوري 2022ع) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ رانا شمیم بیان حلفی کیس میں شریف فیملی نے کوئی تردید نہیں کی، رانا شمیم نے نواز شریف کے دفتر میں بیان حلفی ریکارڈ کرایا، تمام واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ڈرامہ عدالت پر اثرانداز ہونے کیلئے رچایا گیا۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کی سپریم ایپلیٹ کورٹ کے سابق چیف جج رانا شمیم پر عائد فرد جرم کی چارج شیٹ میں کہا گیا کہ رانا شمیم نے بیان حلفی کے ذریعے زیر التواء کیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی، رانا شمیم نے 10 نومبر 2021 کو یو کے میں بیان حلفی نوٹرائزڈ کرایا، نوٹرائزڈ ڈاکومنٹ میڈیا کے ہاتھ لگا اور صحافی تک پہنچا، ڈاکومنٹ عدالت پہنچا تو کوریئر سروس کے لفافے میں تھا جو آپ کے اس بیان کو جھٹلاتا ہے کہ وہ خود سیل کیا تھا۔
چارج شیٹ میں مزید کہا گیا کہ آپ نے صحافی کو نا صرف بیان حلفی کی تصدیق کی بلکہ شائع کرنے سے نہیں روکا، رانا شمیم کے بقول بیان حلفی خفیہ تھا تو لیک ہونے پر کوئی کارروائی نہیں کی، اپنے کنڈکٹ سے عدلیہ کی تضحیک کی اور عدالت میں زیر التوا معاملے پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، رانا شمیم نے دستاویز کو لیک کیا اور عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی۔