فرار ہونے والے مشیروں کو حساب دینا ہوگا، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں: شاہد خاقان

news-details

اسلام آباد:(منگل 01 فروری 2022ع) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں چور دوسروں کا احتساب کر رہے ہیں، فرار ہونے والے مشیروں کو حساب دینا ہوگا، یہاں کرسیاں چھوڑنے کا نہیں ان سے چمٹے رہنے کا رواج ہے، نواز شریف علاج مکمل ہوتے ہی واپس آ جائیں گے۔ سابق وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو صرف اپوزیشن نظر آتی ہے، کیا چیئرمین نیب سے کسی دن یہ سوال نہیں ہوگا، وزیراعظم کے مشیر فرار ہوگئے، فرار ہونیوالے مشیران اپنے اثاثوں کا جواب دیں، احتساب میں یہ نہیں ہوتا کہ جعلی کیسز بنائے جائیں، نیب کا تماشہ لگا رہے گا، لانگ مارچ عوام کیساتھ اظہار یکجہتی ہوتا ہے۔
ادھر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کا بحران ہو یا چینی کا، آج کسان کھاد کی عدم دستیابی پر دہائیاں دے رہا ہے، نیا پاکستان بنانیوالوں نے ملک کیساتھ کھیل کھیلا، ن لیگ کے خلاف کیسز میں 4 سال سے ایک پائی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کیا کبھی وزراء کے منہ سے سنا کہ مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی، خیبرپختونخوا میں پادری کا قتل ہوگیا ابھی تک ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوئی، عمران نیازی نے ن لیگ کے قائدین کو جیل میں ڈالا کوئی بات نہیں، آج مارکیٹ میں بخار کی دوا دستیاب نہیں۔