سپریم کورٹ بار جھوٹ بول کر باہر جانے والوں کو پھر سے موقع دینے کے لیے عدالت پہنچ گئی: وزیراعظم

news-details

بہاولپور:(منگل 01 فروری 2022ع) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار جھوٹ بول کر باہر جانے والوں کو پھر سے موقع دینے کے لیے عدالت پہنچ گئی، بار کو اگر اس میں کوئی برائی نظر نہیں آتی تو غریبوں کو جیلوں میں کیوں رکھا ہوا ہے ساری جیلیں کھول دی جائیں، ن لیگ نے قرضے لے کر گروتھ حاصل کی، فیکٹری پر ڈاکو بٹھا دیں گے تو وہ دیوالیہ ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے بہاولپور میں قومی صحت کارڈ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے کبھی عوام پر اتنا پیسہ خرچ نہیں کیا، برطانیہ جاکر دیکھا کہ انسانیت کیا ہوتی ہے جہاں پیسے دے کر اور مفت علاج کرانیوالوں میں فرق نہیں کیا جاتا۔ برطانیہ کا ہیلتھ بجٹ پاکستان کے بجٹ سے کئی گنا زیادہ ہے۔ انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ مسلم ممالک فلاحی ریاست سے بہت دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سب سے پہلے ہیلتھ کارڈ جاری کیا، یونیورسل ہیلتھ کوریج امیرترین ممالک میں بھی نہیں ملتی، اس اقدام سے نجی سیکٹرچھوٹےشہروں میں ہسپتال بنائےگا، ہیلتھ کارڈ صحت کےشعبے میں انقلاب لانے کا سبب بنے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ڈاکوؤں کے ٹولے سے ہے، یہ چوری کریں تو کہتے ہیں ہمیں این آر او دے دو، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ غریب چوری کرے تو اسے جیل میں ڈال دو۔ لندن کی سب سے مہنگی جگہ پر انکے گھر ہیں، بی بی سی نےانکی کرپشن پرڈاکو مینٹریز جاری کیں۔ ن لیگ نے قرضے لے کر گروتھ حاصل کی، فیکٹری پر ڈاکو بٹھا دیں گے تو وہ دیوالیہ ہو جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے تمام آبادی کے لیے اسپتال بنانے کے وسائل نہیں، یہ ہیلتھ کارڈ پہلی باردیا جارہا ہے جس سے پاکستان کے ہیلتھ کے شعبے میں انقلاب آئے گا، ملک کی تاریخ میں آج تک عوام پر اتنا خرچہ نہیں ہوا، پنجاب حکومت صرف ہیلتھ کارڈ پر 400 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔