news-details

ازبکستان کے سفیر کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات

راولپنڈی:(جمعرات 24 فروری 2022ع) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات بالخصوص دفاع تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔
ملاقات کے دوران خطے میں امن و سلامتی کے لیے مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ازبک سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔